حکومت کا ’’ایتھلیٹ آف دی ایئر‘‘ ایوارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ، 25 لاکھ روپے کیش انعام کا اعلان
اسلام آباد — حکومت نے قومی کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ’’ایتھلیٹ آف دی ایئر‘‘ ایوارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ہر سال بہترین مرد اور بہترین خاتون ایتھلیٹ کو اس ایوارڈ سے نوازا جائے گا، جبکہ ہر ایوارڈ کے ساتھ 25 لاکھ روپے کا کیش انعام بھی دیا جائے گا۔ ایوارڈ کا مقصد قومی سطح پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹس کی خدمات کو سراہنا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر سال کے اختتام پر ایک خصوصی ایوارڈ تقریب منعقد کی جائے گی جس میں قومی ایتھلیٹس کو ان کی سالانہ کارکردگی کی بنیاد پر منتخب کیا جائے گا۔ انتخاب کا عمل شفاف معیار اور کارکردگی کے اعداد و شمار کی بنیاد پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزارت بین الصوبائی رابطہ نے اس منصوبے کے لیے پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) سے باضابطہ منظوری بھی حاصل کر لی ہے۔ حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔