پی ایس ایل تاریخ کا سب سے مہنگا معاہدہ، سابق آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ سیالکوٹ سٹالینز کے ساتھ 14 کروڑ میں سائن
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تاریخ میں ایک نیا مالی سنگِ میل قائم ہو گیا ہے جہاں سیالکوٹ سٹالینز نے آسٹریلوی اسٹار بیٹر اسٹیو اسمتھ کو 14 کروڑ روپے میں سائن کر لیا۔ اس معاہدے کے بعد اسٹیو اسمتھ پی ایس ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے ہیں، جس نے لیگ کی معاشی قدر اور عالمی کشش میں نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب پی ایس ایل سیزن 11 کے لیے ری ٹین کیے گئے کھلاڑیوں کے معاوضوں کا بھی باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ پشاور زلمی نے قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو 7 کروڑ روپے میں برقرار رکھا ہے، جبکہ لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے شاداب خان کو بھی 7، 7 کروڑ روپے کے معاوضے پر ری ٹین کیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 11 میں پلیئرز سلیکشن کے نظام میں ایک بڑی اور تاریخی تبدیلی کی گئی ہے۔ روایتی ڈرافٹ سسٹم کے بجائے پہلی بار نیلامی ماڈل متعارف کرایا گیا ہے، جس کے تحت فرنچائزز ہر کیٹیگری سے صرف ایک کھلاڑی کو ری ٹین کر سکتی ہیں، جبکہ باقی اسکواڈ نیلامی کے ذریعے تشکیل دیا جائے گا۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق نیلامی ماڈل سے نہ صرف کھلاڑیوں کی مارکیٹ ویلیو میں اضافہ ہوگا بلکہ لیگ میں مسابقت، شفافیت اور عالمی توجہ بھی مزید بڑھے گی۔