سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی ہدایت: 12 فروری کو مملکت بھر میں نمازِ استسقاء ادا کی جائے گی
ریاض – سعودی عرب کے فرمانروا خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملک میں بارانِ رحمت کے حصول کے لیے کل 12 فروری کو نمازِ استسقاء ادا کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
فرمان میں مسلمانوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ عاجزی اور انکساری کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کریں تاکہ ربِ کریم اپنی رحمتوں کی بارش نازل فرمائے۔ اعلامیے کے مطابق، مسجد الحرام اور مسجد نبویؐ سمیت سعودی عرب کی بارہ ہزار سے زائد مساجد میں یہ نماز ادا کی جائے گی۔
اس موقع پر ائمہ کرام خصوصی دعائیں کریں گے اور امت مسلمہ کی اجتماعی مغفرت، رحمت اور خیر و برکت کے لیے بھی دعا کی جائے گی۔ شاہ سلمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کثرتِ استغفار کریں، توبہ و رجوع الی اللہ اختیار کریں اور اللہ تعالیٰ کی رحمت کے طلبگار بنیں، کیونکہ وہی ذات ہے جو آسمانوں سے بارش برسا کر زمین کو زندگی عطا کرتی ہے۔
مملکت بھر میں اس روح پرور اجتماع کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اور توقع کی جا رہی ہے کہ لاکھوں فرزندانِ توحید سجدہ ربِ کریم سے گڑگڑا کر بارانِ رحمت کی التجا کریں گے۔