ٹی 20 ورلڈ کپ: آسٹریلیا کی آئرلینڈ کے خلاف 67 رنز سے آسان فتح
کولمبو – ٹی 20 ورلڈ کپ کے 14ویں گروپ میچ میں آسٹریلیا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئرلینڈ کو 67 رنز سے بآسانی شکست دے دی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرلینڈ کی پوری ٹیم 16.5 اوورز میں 115 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
آئرلینڈ کی جانب سے جارج ڈوک ریل 41 رنز بنا کر نمایاں رہے تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ لورکن ٹکر نے 21 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان پال اسٹرلنگ صرف ایک رن بنا کر انجری کے باعث ریٹائرڈ ہرٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس اور ایڈم زمپا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔ میتھیو کھونیمن نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا اور آئرش بیٹنگ لائن کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا۔
اس سے قبل آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
مارکوس اسٹوئنس نے 29 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ میٹ رینشا اور جوش انگلس 37، 37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ کیمرون گرین نے 21 رنز بنائے۔
گلین میکسویل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اوپنر ٹریوس ہیڈ 6 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے جبکہ کوپر کونولی 11 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
آئرلینڈ کی جانب سے مارک ادائر نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ جارج ڈوک ریل اور ہیری ٹیکٹر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی اس فتح کے بعد گروپ مرحلے میں اس کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے اور ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ میں مضبوط امیدوار بن کر سامنے آئی ہے۔