خیبرپختونخوا کابینہ نے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی
خیبر پختونخوا کابینہ نے رمضان پیکیج کی منظوری دے دی جبکہ ہندو میرج ترمیمی بل اور کیلاش میرج بل کی منظوری بھی دیدی گئی۔
مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا خیبرپختونخوا میں رواں سال 10 لاکھ 63 ہزار کم آمدنی والے افراد کو رمضان پیکیج دیا جائے گا، خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے فی خاندان کو اوسطا 12500 روپے دیئے جائیں گے۔ رواں سال زیادہ مہنگائی کے باعث وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے رمضان پیکیج 25 فیصد بڑھا دیا۔
نیشنل کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے ارکان کی تقرری کی منظوری کابینہ سے حاصل کر لی گئی۔کابینہ نے لیویز شہداء کے لواحقین کیلئے 385 ملین روپے کی اضافی گرانٹ کی منظوری بھی دی۔
ضلع ٹانک میں نئی تحصیل کے قیام۔ ملازمین کے اولڈ ایج بینیفٹس ادارے کے بورڈ آف ٹرسٹیز کی ازسرنو تشکیل اورڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال ڈی آئی خان کیلئے اضافی گرانٹ منظور کرلئے گئے۔ خیبرپختونخوا میں آن لائن تعلیم (ٹیلی تعلیم) پائلٹ منصوبے کی لاگت بڑھانے ، صوبے کے 958 ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں آئی ٹی لیبز فعال بنانے کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا ۔
کابینہ نے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں فروٹ اینڈ ویجیٹیبل مارکیٹ کی تعمیر کا منصوبہ اور ڈبلیو ایس ایس پی حدود میں آر پی سی مین ہول کورز کی تنصیب کی منظوری بھی دی۔ خواتین کو بااختیار بنانے کی پالیسی 2026 تا 2030 کا مسودہ کابینہ نے منظور کر لیا جبکہ ہزارہ ڈویژن میں لائیو اسٹاک کے ذریعے روزگار بہتری منصوبے میں نظرثانی کی منظوری دی گئی۔
پنجاب میں کارڈز کی تقسیم کا عمل شروع
دوسری جانب پنجاب میں 47 ارب روپے کے رمضان نگہبان پیکج کے تحت کارڈز کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا۔ صوبے کے تمام اضلاع کو 12 لاکھ کارڈز ارسال کر دیے گئے۔
رمضان نگہبان پیکج کے تحت 42 لاکھ مستحق خاندانوں میں کارڈز تقسیم کئے جائیں گے، کارڈز کی تقسیم کا عمل یکم مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا۔ کارڈز کے ذریعے ہر مستحق خاندان کو 10 ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے۔