اسلام آباد ہائیکورٹ کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی اور سلیکشن بورڈ تبدیل
اسلام آباد ہائیکورٹ کی ایڈمنسٹریشن کمیٹی تبدیل کردی گئی، چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں 4 رکنی نئی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس خادم حسین سومرو کو ایڈمنسٹریشن کمیٹی سے نکال کر جسٹس محمد آصف کو شامل کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے دیگر ارکان میں جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس اعظم خان شامل ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے افسران کا سلیکشن بورڈ بھی تبدیل کرتے ہوئے جسٹس خادم سومرو کو بورڈ سے الگ کردیا گیا ہے، جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس پر مشتمل نیا سلیکشن بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔
سلیکشن بورڈ ہائیکورٹ کے گریڈ 16 اور اُس سے اوپر کے افسران کی ریکروٹمنٹ اور ترقیاں دیتا ہے۔ رجسٹرار ہائیکورٹ نے نوٹیفکیشنز چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی منظوری سے جاری کیے۔