ایران کا امریکی الزامات مسترد، میزائل اور جوہری پروگرام سے متعلق دعوے “بڑا جھوٹ” قرار

0

ایران نے اپنے میزائل اور جوہری پروگرام سے متعلق امریکی الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں “بڑا جھوٹ” قرار دے دیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی جوہری پروگرام اور بیلسٹک میزائلوں سے متعلق واشنگٹن کے دعوے بے بنیاد ہیں۔ ان کے مطابق جنوری میں احتجاجی واقعات کے دوران ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق امریکی مؤقف بھی حقائق کے منافی ہے۔

یہ ردعمل ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دوسرے صدارتی دور کے پہلے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب میں ایران پر شدید تنقید کی۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ ایران ایسے میزائل تیار کر رہا ہے جو مستقبل میں امریکا تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور یہ میزائل یورپی ممالک اور خطے میں موجود امریکی اڈوں کے لیے خطرہ ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں یہ بھی دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران میں مظاہرین کی سزائے موت رکوائیں اور واشنگٹن تہران کے ساتھ ایک نئے معاہدے کی کوشش کر رہا ہے۔ ان کے بقول امریکا یہ یقین دہانی چاہتا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا، تاہم انہوں نے اس مسئلے کا حل سفارت کاری کے ذریعے نکالنے کو ترجیح قرار دیا۔

ایرانی ترجمان نے امریکی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا دفاعی پروگرام مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے اور یہ کسی بھی ملک کے خلاف نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران پر دباؤ ڈالنے کے لیے غلط بیانی اور سیاسی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دے رہی ہے، تاہم دونوں ممالک کی جانب سے سفارتی حل کی بات بھی کی جا رہی ہے جس سے مستقبل میں مذاکرات کے امکانات کو رد نہیں کیا جا سکتا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.