روس میں عالمی یوتھ فیسٹیول، پاکستان کی نیشنل پریپریٹری کمیٹی قائم

روس اور سی آئی ایس ممالک سے پاکستانی گریجویٹس کی ایسوسی ایشن (APGR & CIS) نے انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول 2026 میں پاکستان کی مؤثر شرکت کو یقینی بنانے کے لیے نیشنل پریپریٹری کمیٹی (NPC) پاکستان کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔

اے پی جی آر اینڈ سی آئی ایس کے مطابق انٹرنیشنل یوتھ فیسٹیول 2026 روس کے شہر یکاترنبرگ میں 11 سے 17 ستمبر 2026 تک منعقد ہوگا۔

اس سال فیسٹیول کا موضوع "اپنے خواب کی پیروی کریں، روس کے ساتھ مل کر!” (Follow Your Dream. Together with Russia!) رکھا گیا ہے۔

منتظمین کے مطابق اس عالمی تقریب میں تقریباً 190 ممالک سے 10 ہزار نوجوانوں کی شرکت متوقع ہے۔

فیسٹیول میں تعلیم، کھیل، صحافت، کاروبار، انفارمیشن ٹیکنالوجی، پبلک ایڈمنسٹریشن، اکیڈمیا اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان شریک ہوں گے۔

اس عالمی پلیٹ فارم کا مقصد مختلف ممالک کے نوجوانوں کے درمیان تعاون، مکالمے، ثقافتی تبادلے اور نئی شراکت داریوں کو فروغ دینا ہے۔

اے پی جی آر اینڈ سی آئی ایس نے بتایا کہ پاکستان کی تیاریوں کی نگرانی کے لیے 25 رکنی نیشنل پریپریٹری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

کمیٹی میں پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے نمائندے شامل ہیں۔

قومی تیاری کمیٹی شرکاء کے انتخاب، آؤٹ ریچ سرگرمیوں اور تمام تنظیمی معاملات کی نگرانی کرے گی۔

اس کے علاوہ کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پاکستان کی نمائندگی معاشرے کے مختلف شعبوں، ثقافتوں اور پیشہ ورانہ میدانوں سے تعلق رکھنے والے باصلاحیت نوجوان کریں۔

قومی تیاری کمیٹی نے ملک بھر کے نوجوانوں کو اس بین الاقوامی ایونٹ کی تیاریوں میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

اعلامیے کے مطابق انتخابی طریقہ کار، رجسٹریشن اور شرکت سے متعلق مکمل رہنما اصول جلد جاری کیے جائیں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے