پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے نہ ملے تو سنوکر چیمپئن شپ بھارت سے واپس لی جا سکتی ہے، آئی بی ایس ایف کا انتباہ

0

لاہور – انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن (انٹرنیشنل بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن) نے بھارت کو آگاہ کر دیا ہے کہ اگر پاکستانی کھلاڑیوں کو ویزے جاری نہ کیے گئے تو ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ کی میزبانی اس سے واپس لے لی جائے گی۔

پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عبدالقادر نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی بی ایس ایف نے واضح کیا ہے کہ تمام شریک ممالک کے کھلاڑیوں کو ویزے دینا میزبان ملک کی ذمہ داری ہے، بصورت دیگر ایونٹ کو کسی دوسرے ملک منتقل کر دیا جائے گا۔

عبدالقادر کے مطابق پاکستان پہلے ہی آئی بی ایس ایف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کر چکا تھا، کیونکہ 2024 میں بھی بھارت کی جانب سے ویزے جاری نہ ہونے کے باعث پاکستانی کیوئسٹس عالمی ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ ورلڈ سنوکر چیمپئن شپ رواں سال نومبر میں بھارت میں شیڈول ہے۔ اگر بھارتی حکومت ویزے جاری کرتی ہے تو پاکستانی ٹیم شرکت کے لیے حکومتِ پاکستان کی ہدایات کی منتظر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اجازت ملنے کی صورت میں کھلاڑی بھارت جائیں گے، بصورت دیگر شرکت نہیں کی جائے گی۔

اس معاملے نے ایک بار پھر کھیلوں اور سیاست کے باہمی تعلق پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں، جبکہ آئی بی ایس ایف کی جانب سے ممکنہ منتقلی کا عندیہ ایونٹ کی میزبانی کے لیے بڑا دھچکا ثابت ہو سکتا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.