کیوبا کی سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ، امریکی رجسٹر کشتی پر حملہ، 4 افراد ہلاک، 6 زخمی
کیوبا کی سیکیورٹی فورسز نے امریکی رجسٹریشن رکھنے والی ایک کشتی پر فائرنگ کر کے 4 افراد کو ہلاک اور 6 کو زخمی کر دیا۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب کیوبا اور امریکا کے درمیان تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔
کیوبا کی وزارتِ داخلہ کے مطابق کشتی ملکی سمندری حدود میں داخل ہوئی تھی جس پر سیکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کی۔ حکام کا کہنا ہے کہ زخمی افراد کو فوری طور پر نکال کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ یہ کوئی امریکی کارروائی نہیں تھی اور نہ ہی اس میں امریکی حکومت کا کوئی اہلکار ملوث ہے۔ ان کے مطابق کیوبا کی حکومت نے واشنگٹن کو واقعے سے آگاہ کر دیا ہے تاہم ہوانا میں امریکی سفارتخانہ آزادانہ طور پر معاملے کی تصدیق کرے گا۔
مارکو روبیو نے کھلے سمندر میں اس طرح کی فائرنگ کو غیر معمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے آنا ضروری ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق یہ واقعہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی کو مزید بڑھا سکتا ہے اور اس کے سفارتی اثرات بھی سامنے آ سکتے ہیں۔