طالبان نے افغانستان کو بھارت کی کالونی بنا دیا، انشاء اللہ شکست دشمن کا مقدر بنےگی: خواجہ آصف
وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری بہادر افواج اسوقت بھارت کی پراکسی طالبان و افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دے رہی ہیں، انشا ء اللہ شکست دشمن کا مقدر ہے۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ نیٹو کی افواج کے انخلاء کے بعد یہ توقع کی جاتی تھی کہ افغانستان میں امن ہو گا اور طالبان افغان عوام کے مفادات اور علاقہ میں امن پہ توجہ مرکوز کریںُ گے مگر طالبان نے افغانستان کو بھارت کی کالونی بنا دیا۔
خواجہ آصف نے کہا طالبان نے ساری دنیا کے دہشت گردوں کا افغانستان میں اکٹھا کر لیا اور دہشت گردی کو ایکسپورٹ کرنا شروع کر دیا۔ اپنی عوام کو بنیادی انسانی حقوق سے محروم کر دیا، خواتین کو جو حقوق اسلام دیتا ہے وہ چھین لیے۔
وزیردفاع نے کہا کہ پاکستان نے براہ راست اور دوست ممالک کے ذریعہ حالات نارمل رکھنے کی پوری کوششیں کیں، بھر پور سفارت کاری کی مگر طالبان بھارت کی پراکسی بن گئے، آج جب پاکستان کو جارحیت کا نشانہ بنانے کی کوشش کی تو ہماری افواج نے فیصلہ کن جواب دیا۔
خواجہ آصف نے کہا پاکستان کی فوج سمندر پار سے نہیں آئی ہے، ہم تمہارے ہمسائے ہیں تمہاری اوقات جانتےہیں۔ ہمارا صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ، اب ہماری تمہاری کھلی جنگ ہے، اب دما دم مست قلندر ہو گا