ایران کی فضائی حدود 6 گھنٹوں کے لیے عارضی طور پر بند، امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد حالات کشیدہ
تہران – ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان ماجد اخوان نے تصدیق کی ہے کہ ملک کی فضائی حدود عارضی طور پر 6 گھنٹوں کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق نوٹس ٹو ایئرمین (NOTAM) کے تحت یہ فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ فضائی آمد و رفت اور مسافروں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔
اطلاعات کے مطابق یہ اقدام ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا اور اسرائیل نے اچانک ایران کے کچھ علاقوں پر فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں تہران میں کئی دھماکے ہوئے اور شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فضائی حدود بند ہونے کے دوران پروازوں کے حوالے سے کسی بھی اطلاع کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سرکاری ذرائع سے رابطہ رکھیں اور احتیاطی اقدامات پر عمل کریں۔
مزید برآں، ایرانی دفاعی ادارے اور فضائی کنٹرول حکام ملک کی فضائی حدود کی حفاظت کے لیے مکمل چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔