وزیراعظم کی سعودی ولی عہد سے ملاقات، پاکستان کیجانب سے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ

وزیراعظم شہبازشریف نے جدہ میں سعودی ولی عہدمحمد بن سلمان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔

ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے ملاقات کے آغاز میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری قدردانی کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے مشکل حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ علاقائی امن و استحکام کے لیے مل کر کام کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے سعودی ولی عہد کو یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

بعد ازاں وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ولی عہد و وزیر اعظم عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود سے ملاقات کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر عزت مآب پرنس سعود بن مشعل بن عبد العزیز، ریاض میں تعینات پاکستان کے سفیر احمد فاروق ، جدہ میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل  سید مصطفیٰ ربانی اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کو الوداع کیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے