خیبرپختونخوا میں شفافیت یقینی بنانے کے لیے انٹرنل آڈٹ ونگ کے قیام کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ محکمہ خزانہ کے مطابق اس اقدام سے فنڈز کے غلط استعمال کی روک تھام میں مدد ملے گی اور سرکاری امور میں شفافیت کو فروغ حاصل ہوگا۔
دستاویزات کے مطابق میگا کرپشن اسکینڈلز کی روک تھام کے لیے انٹرنل آڈٹ کا قیام ناگزیر قرار دیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا حکومت نے اس حوالے سے 2018 میں انٹرنل آڈٹ پالیسی بھی تیار کی تھی، جس کے تحت تمام صوبائی محکموں اور ذیلی اداروں کو انٹرنل آڈٹ سسٹم اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ انٹرنل آڈٹ ونگ کے قیام سے پبلک فنانشل مینجمنٹ، اکاؤنٹنگ اور بجٹنگ کے نظام میں بہتری آئے گی۔ اس کے علاوہ لوکل فنڈ آڈٹ اور انٹرنل آڈٹ سیل کے اسٹاف کو بھی نئے ونگ میں ضم کیا جائے گا۔
دستاویز کے مطابق انٹرنل آڈٹ ونگ کے قیام کی حتمی منظوری خیبر پختونخوا کابینہ دے گی، جبکہ اس حوالے سے سمری محکمہ خزانہ نے تیار کرکے وزیر اعلیٰ کو ارسال کر دی ہے
