وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اینٹی نارکوٹکس فورس ہیڈکوارٹر کے دورہ کے موقع پر واضح کیا کہ نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے ہر سطح پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اے این ایف ہیڈکوارٹرز میں زیرتعمیر نیشنل کاؤنٹر نارکوٹکس کوآرڈینیشن سینٹر کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی کی زیر صدارت اے این ایف ہیڈ کوارٹرز میں اہم اجلاس بھی ہوا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نئی نسل کو منشیات سے بچانے کیلئے ہر سطح پر کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ تعلیمی اداروں میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
محسن نقوی نے انسداد منشیات کے مؤثر کارروائیوں پر اے این ایف کی کارکردگی کو سراہا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ منشیات کے جرائم میں سزا کی شرح 42 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ منشیات کے دھندے میں ملوث 22 ملکی اور نو غیر ملکی نیٹ ورکس کو توڑا گیا۔
اجلاس میں ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اے این ایف فاؤنڈیشن کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ اے این ایف کے حال ہی میں شہید ہونے والے 6 اہلکاروں کے بلند درجات کیلئے دعا کی بھی گئی۔
