تمغہ امتیاز نہ ملنے پر فیصل قریشی کا طنزیہ ردعمل، دلچسپ انداز میں شکوہ

تمغہ امتیاز نہ ملنے پر فیصل قریشی کا طنزیہ ردعمل، دلچسپ انداز میں شکوہ

پاکستان کے مایہ ناز اداکار فیصل قریشی نے تمغہ امتیاز نہ ملنے پر اپنی ناراضگی کا اظہار طنز و مزاح کے انداز میں کیا ہے، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔

حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران میزبان کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آیا انہیں جلد ہی ستارۂ امتیاز ملنے والا ہے، جس پر اداکار نے برجستہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ سوچ رہے ہیں کہ کسی سپر اسٹور میں جا کر کھڑے ہو جائیں اور کہیں کہ "مجھے ستارہ نہیں مل رہا”۔

اداکار نے انکشاف کیا کہ ان کا نام دو مرتبہ ایوارڈ کے لیے بھیجا جا چکا ہے، تاہم تاحال انہیں یہ اعزاز نہیں مل سکا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں 33 سال سے خدمات انجام دے رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود انہیں اس اعزاز سے نہیں نوازا گیا۔

جب ان سے سنجیدگی سے پوچھا گیا کہ آخر کس کمی کی وجہ سے انہیں ایوارڈ نہیں ملا، تو انہوں نے ایک بار پھر طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ "شاید مجھے کیلشیم کی کمی ہے، اسی لیے ایوارڈ نہیں دے رہے”۔

فیصل قریشی کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ تمغہ امتیاز کے لیے ای میلز کے ذریعے نامزدگیاں بھیجی جاتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ سیاسی شخصیت نہیں بلکہ ایک محب وطن فنکار ہیں، اور اگر کبھی انہیں یہ اعزاز دیا گیا تو وہ اسے ضرور قبول کریں گے۔

اداکار کے اس مزاحیہ مگر معنی خیز بیان کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی اس پر دلچسپ تبصرے دیکھنے میں آ رہے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے