انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے انعامی رقم کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، جس کے مطابق ایونٹ کی مجموعی پرائز منی 87 لاکھ 64 ہزار 615 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے۔
آئی سی سی کے مطابق ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 23 لاکھ 40 ہزار ڈالرز بطور انعام دیے جائیں گے، جبکہ رنر اپ ٹیم 11 لاکھ 70 ہزار ڈالرز حاصل کرے گی۔ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی دونوں ٹیموں کے لیے 6 لاکھ 75 ہزار ڈالرز مختص کیے گئے ہیں۔
مزید برآں گروپ اسٹیج میں ہر میچ جیتنے والی ٹیم کو 31 ہزار 154 ڈالرز دیے جائیں گے، جبکہ ایونٹ میں شریک ہر ٹیم کو 2 لاکھ 47 ہزار ڈالرز کی ضمانتی رقم بھی فراہم کی جائے گی، جو ٹیموں کے لیے ایک اہم مالی سہارا سمجھی جا رہی ہے۔
یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ 2024 کے ایڈیشن کے مقابلے میں انعامی رقم میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جب مجموعی پرائز منی 79 لاکھ 58 ہزار ڈالرز تھی، جو اب بڑھا کر تقریباً 8.76 ملین ڈالرز کر دی گئی ہے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا انعقاد 12 جون سے انگلینڈ میں ہوگا، جہاں دنیا بھر کی بہترین ویمن کرکٹ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق انعامی رقم میں اضافہ خواتین کرکٹ کے فروغ اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اہم قدم ہے، جو اس کھیل کو عالمی سطح پر مزید مقبول بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
