پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام انڈر 18 نیشنل ہاکی چیمپئن شپ 2026 میں پانچویں روز سنسنی خیز مقابلے دیکھنے میں آئے، جہاں مختلف ٹیموں نے شاندار کھیل پیش کیا۔
یہ میچز نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں کھیلے جا رہے ہیں، جہاں 9 سے 19 اپریل تک جاری رہنے والے اس ایونٹ میں ملک بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہیں۔
پانچویں روز کے پہلے میچ میں پاک کسٹمز نے گلگت بلتستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 0-15 سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے حسان اور عثمان نے تین، عمر، عدیل اور ارمان نے دو، جبکہ شاویز خاور، حسن اور یحییٰ نے ایک ایک گول اسکور کیا۔
دوسرے میچ میں کے پی کے ون نے سندھ ٹو کو 0-4 سے زیر کر لیا۔ کے پی کے کی جانب سے شجیل، عباس، عزیر اور شاہ میر نے ایک، ایک گول کر کے ٹیم کو کامیابی دلائی۔
تیسرے مقابلے میں پنجاب فور نے کے پی کے ٹو کو 1-5 سے شکست دی۔ پنجاب کی جانب سے عبداللہ نے دو جبکہ علی اکبر، احمد نور اور حامد علی نے ایک، ایک گول اسکور کیا، جبکہ کے پی کے ٹو کی جانب سے واحد گول اویس نے کیا۔
چوتھے اور دن کے آخری میچ میں پنجاب ون نے بلوچستان کو سخت مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دی، جہاں محمد صعیب نے فیصلہ کن گول اسکور کیا۔
میچز کے دوران محی الدین احمد وانی، ڈاکٹر غلام علی ملاح، یاسر پیرزادہ، نعیم اختر اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔
چیمپئن شپ میں نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی نے شائقین کو خوب محظوظ کیا، جبکہ یہ ایونٹ پاکستان میں ہاکی کے مستقبل کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
