آسٹریلیا میں تاریخ رقم، پہلی بار خاتون کو آرمی چیف مقرر کرنے کا اعلان

History is made in Australia, with the announcement of the appointment of a woman as the army chief for the first time.

آسٹریلیا نے اپنی 125 سالہ فوجی تاریخ میں پہلی بار ایک خاتون کو اعلیٰ ترین عسکری عہدے پر تعینات کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

سوسن کوائل جولائی میں چیف آف آرمی کا عہدہ سنبھالیں گی، جہاں وہ لیفٹیننٹ جنرل سائمن اسٹیورٹ کی جگہ لیں گی۔

اس وقت سوسن کوائل جوائنٹ کیپیبلٹیز کی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، اور ان کا فوجی کیریئر تقریباً چار دہائیوں پر محیط ہے۔ اس دوران انہوں نے افغانستان اور مشرقِ وسطیٰ میں مختلف آپریشنز میں اہم ذمہ داریاں نبھائیں۔

تقرری کا اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آسٹریلیا کی مسلح افواج میں خواتین کی شمولیت بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ ادارے کو اندرونی سطح پر ہراسانی اور امتیازی سلوک جیسے مسائل کا بھی سامنا رہا ہے۔

آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہلی بار ہے کہ ایک خاتون ملک کی آرمی کی قیادت سنبھالیں گی۔

دفاعی حکام کے مطابق یہ تقرری نہ صرف فوجی نظام میں اصلاحات کی علامت ہے بلکہ قیادت میں صنفی توازن کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔ موجودہ اعداد و شمار کے مطابق آسٹریلوی دفاعی افواج میں خواتین کا تناسب تقریباً 21 فیصد ہے جبکہ اعلیٰ قیادت میں یہ شرح 18.5 فیصد کے قریب ہے۔

ادارے نے 2030 تک خواتین کی شمولیت کو 25 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے، جسے اس تقرری کے بعد ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے