ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معاہدہ طے پا گیا ہے اور مقررہ وقت کے مطابق نافذ العمل ہو جائے گا۔
امریکی صدر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے جوزف عون اور بنیامین نیتن یاہو سے تفصیلی بات چیت کی، جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی پر اتفاق کیا۔ ٹرمپ کے مطابق جنگ بندی امریکی مشرقی وقت کے مطابق شام 5 بجے شروع ہو گی، جو اسرائیل اور لبنان کے مقامی وقت کے مطابق آدھی رات (جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب) سے نافذ ہوگی۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ دونوں ممالک نے امن کے قیام کے لیے اس پیش رفت پر رضامندی ظاہر کی ہے اور یہ اقدام خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
امریکی صدر نے مزید بتایا کہ انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر دیرپا امن کے لیے کام کریں۔
یاد رہے کہ اس اعلان سے قبل ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ اسرائیل اور لبنان کے رہنما ایک “تاریخی” ٹیلیفونک رابطہ کریں گے، تاہم بعد ازاں لبنانی صدر جوزف عون نے اس تجویز کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اسرائیل پہلے ہی جنگ بندی پر آمادہ ہو چکا ہے۔
