ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطے میں ان کا، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امن کاوشوں میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ایران کے صدرمسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا اور تقریباً پچاس منٹ تک گفتگو جاری رہی۔
دونوں رہنماؤں کا خطے کی موجودہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیا اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے جاری کوششوں پربھی تفصیلی بات چیت کی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے 11 اور 12 اپریل کو اسلام آباد میں منعقدہ مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں وفد اسلام آباد بھیجنے کا بھی خیرمقدم کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطوں اور قریبی مشاورت کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ صدر پزشکیان نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور اسحاق ڈار کی امن کاوشوں میں اہم کردار پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران اور پاکستان کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔
وزیراعظم نے ایرانی صدر کو پاکستان کے خطے میں امن کے لیے پختہ عزم کا یقین دلایا اور کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے اپنی مخلصانہ اور سنجیدہ کوششیں جاری رکھے گا۔
شہباز شریف نے ایرانی صدر کو اپنی حالیہ سفارتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور کہا کہ عالمی رہنماؤں سے رابطوں نے پائیدار امن کے لیے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت میں وسیع تر اتفاق رائے پیدا کرنے میں مدد دی۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل کے دورہ تہران کے دوران ایرانی قیادت کے ساتھ مفید بات چیت کو بھی سراہا اور ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں اور احترام کا پیغام بھی پہنچایا
