گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی عارضی درآمد اسکیم ، گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کا فیصلہ

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے ملازمین کو واجبات کی ادائیگی کیلئے تقریباً 6 ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی۔ گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی عارضی درآمد سے متعلق امپورٹ کم ایکسپورٹ اسکیم بھی منظور کرلی ۔ گوادر سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد کا فیصلہ بھی ہو گیا۔

وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے ہوگئے۔ مختلف وزارتوں کیلئے فنڈز کی منظوریاں ہو گئی۔ قومی ایئرلائن کے ملازمین کو واجبات ادائیگی کیلئے 5 ارب 98 کروڑ روپے کی منظوری دیدی گئی۔ رقم پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے ذریعے پنشن، تنخواہوں اور میڈیکل کی مد میں خرچ ہو گی۔

نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ کی ادائیگیوں کا معاملہ متعلقہ ریونیو اتھارٹی کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کیلئے اٹھانے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی نے امپورٹ کم ایکسپورٹ اسکیم اورایکسپورٹ فسیلٹیشن اسکیم میں ترامیم کی منظوری بھی  دے دی ۔ اسکیم کے تحت استعمال شدہ گاڑیوں اور آٹو پارٹس کی عارضی درآمد، مرمت و بحالی اور بعد میں برآمد کی اجازت ہوگی۔ اِس پائلٹ پراجیکٹ کا ایک سال بعد ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔

وزارت قومی غذائی تحفظ کی جانب سے گوادر میں قائم سلاٹر ہاؤس سے گدھے کے گوشت اور کھالوں کی برآمد سے متعلق سمری کی منظوری بھی دے دی گئی۔ اب گدھے کا گوشت اور کھالیں چین سمیت دیگر ممالک کو بھجوائی جا سکیں گی۔ ای سی سی اجلاس میں جبری مشقت سے بنی اشیا کی درآمد پر مکمل پابندی کا بھی فیصلہ ہوگیا۔

بلوچستان میں افسران کیلئے 31 کروڑ 10 لاکھ روپے، نیب کی ڈیجیٹل تبدیلی کیلئے 37 کروڑ 20 لاکھ روپے اور  قومی ہاکی ٹیم کیلئے 3 کروڑ روپے انعامی رقم کی منظوری دیدی گئی۔ مفاد عامہ کے معاہدے سے متعلق پاور ڈویژن کی سمری مزید غور کیلئے کابینہ کمیٹی  برائے سرکاری ادارہ جات کو بھیجنے کی ہدایت کر دی گئی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے