اداکارہ مومنہ اقبال کا ن لیگی ایم پی اے کی طرف سے ہراسانی اور دھمکیوں کا انکشاف، مریم نواز سے اپیل

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ مومنہ اقبال نے انکشاف کیا ہے کہ وہ طویل عرصے سے مبینہ آن لائن ہراسانی، سائبر بُلنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کر رہی ہیں۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایک سیاسی شخصیت سے وابستہ فرد کی جانب سے نہ صرف انہیں بلکہ ان کے اہلخانہ کو بھی شدید ذہنی دباؤ، خوف اور ہراسانی کا سامنا ہے۔

مومنہ اقبال نے 2018 میں ڈرامہ پارلر والی لڑکی سے اداکاری کا آغاز کیا تھا اور مختصر عرصے میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں نمایاں مقام حاصل کر لیا۔ وہ خدا اور محبت 3، عہدِ وفا، سمجھوتہ، احسان فراموش اور دو کنارے جیسے مقبول ڈراموں میں اداکاری کر چکی ہیں۔

اداکارہ نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں دعویٰ کیا کہ وہ مسلم لیگ (ن) سے وابستہ ایک ایم پی اے کی جانب سے مسلسل آن لائن ہراسانی اور دھمکیوں کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے متعدد بار متعلقہ اداروں، بشمول نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی، وفاقی تحقیقاتی ادارہ اور پنجاب پولیس سے رجوع کیا، تاہم سیاسی اثر و رسوخ کے باعث مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔

مومنہ اقبال کا کہنا تھا کہ انصاف فراہم کرنے کے بجائے ان کی شکایات کو دبانے کی کوشش کی گئی جبکہ بعض بااثر حلقوں کی جانب سے معاملہ خاموش کرنے کے لیے دباؤ بھی ڈالا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ قانونی کارروائی کی کوشش کے بعد ان کے خاندان کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

اداکارہ نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں، ان کے خاندان کو سیکیورٹی فراہم کی جائے اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر معاملے کو مسلسل نظر انداز کیا گیا تو وہ پریس کانفرنس کے ذریعے تمام ثبوت عوام کے سامنے پیش کریں گی۔

مومنہ اقبال نے مریم نواز سے بھی اپیل کی کہ وہ معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے شفاف قانونی کارروائی یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اختیارات کے غلط استعمال اور انصاف میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے۔

اداکارہ کی پوسٹ سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں اور صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔ مختلف صارفین نے حکام سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہراسانی اور دھمکیوں سے تحفظ فراہم کرنا ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے