پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ خورئیوف نے کہا ہے کہ روس ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کے دوران پاکستان کے ثالثی اور سفارتی کردار کی حمایت کرتا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے روسی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے پرامن حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو ماسکو مثبت انداز میں دیکھتا ہے۔ ان کے مطابق روس ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرے گا جو واشنگٹن اور تہران دونوں کے تحفظات کو دور کرنے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے میں مددگار ہوں۔
روسی سفیر نے زور دیا کہ روس خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے اور تمام مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کو ترجیح دیتا ہے۔ ان کے مطابق سفارتی راستہ ہی موجودہ بحرانوں کا واحد پائیدار حل ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے پاکستانی میڈیا میں سامنے آنے والی ان خبروں پر بھی ردعمل دیا جن میں پاکستان میں روس کی جانب سے مبینہ بھرتیوں کا ذکر کیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان رپورٹس کی تصدیق نہیں کی جا سکتی کیونکہ میڈیا میں اس حوالے سے تضاد پایا جاتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ جس شخص کے بارے میں بھرتی کی خبر سامنے آئی، اس نے روسی سفارت خانے میں ویزے کے لیے بھی درخواست نہیں دی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس معاملے پر پاکستانی متعلقہ ادارے تحقیقات کر رہے ہیں اور امید ہے کہ جلد حقائق سامنے آ جائیں گے۔
یوکرین جنگ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے روسی سفیر نے کہا کہ پاکستانی میڈیا میں زیادہ تر یوکرین کے نقصانات پر بات کی جاتی ہے جبکہ روس کے نقصانات کم زیر بحث آتے ہیں۔ ان کے مطابق روس یوکرین جنگ میں اپنے اہداف حاصل کرے گا اور ماسکو ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہے۔
