پاکستان کے معدنی شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں Pak Salt Corporation اور China National Salt Industry Group کے درمیان طویل المدتی اسٹریٹجک تعاون کے تاریخی معاہدے پر دستخط کر دیے گئے ہیں۔
اس شراکت داری کا مقصد پاکستان کے راک سالٹ کے وسیع ذخائر کی جدید کان کنی، پراسیسنگ اور عالمی سطح پر برآمدات میں انقلابی تبدیلی لانا ہے۔ معاہدہ Special Investment Facilitation Council کی مؤثر سہولت کاری اور وزارت توانائی کے پیٹرولیم ڈویژن کی معاونت سے ممکن ہوا۔
معاہدے کے تحت پاکستانی راک سالٹ کو منظم عالمی سپلائی چین کا حصہ بنایا جائے گا جبکہ جدید کان کنی، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی پراسیسنگ اور ویلیو ایڈیشن پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ عالمی منڈیوں میں پاکستانی نمک کی رسائی کو مزید وسعت دی جا سکے۔
پاک سالٹ کارپوریشن پاکستان کا پہلا ایسا پلیٹ فارم قرار دیا جا رہا ہے جو امریکی، چینی اور پاکستانی مہارت، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کو یکجا کر رہا ہے۔
شین ژاؤجون نے کہا کہ پاکستان اور چین کی روایتی دوستی انتہائی مضبوط ہے اور نمک کے شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ باہمی ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔
احمد ندیم خان نے کہا کہ چینی کمپنی کی جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھا کر پاکستان کے منفرد نمک کے ذخائر کو عالمی معیار کے مطابق ترقی دینے کے وسیع مواقع میسر آئیں گے۔
جبکہ محمد مبارک خان کے مطابق یہ تاریخی شراکت داری ایس آئی ایف سی کی اسٹریٹجک معاونت کا نتیجہ ہے، جس نے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے اور صنعتی فریم ورک کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
