امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مبینہ طور پر ایران کے ساتھ مجوزہ معاہدے کا مسودہ اسرائیل سمیت اتحادی ممالک کو ارسال کر دیا ہے۔ برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس مجوزہ معاہدے میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ مکمل طور پر کھولنے اور امریکی ناکہ بندی ختم کرنے سے متعلق شقیں شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ مفاہمتی یادداشت کے تحت ایران کو اس کے تقریباً 12 ارب ڈالر کے منجمد اثاثوں تک رسائی دی جا سکتی ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں بحری نقل و حرکت کو 30 روز کے اندر جنگ سے پہلے کی سطح پر بحال کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق چین اس معاہدے کی حتمی توثیق اقوام متحدہ کے ذریعے کروانا چاہتا ہے تاکہ اسے بین الاقوامی قانونی حیثیت حاصل ہو سکے۔
رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی، بحری سلامتی، جوہری پروگرام اور خطے میں عسکری سرگرمیوں کے حوالے سے سفارتی رابطے جاری ہیں۔ تاہم واشنگٹن، تہران یا اسرائیلی حکام کی جانب سے اس رپورٹ پر باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
