بنکاک: تھائی لینڈ نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کی سہولت ختم کرتے ہوئے نئی امیگریشن پالیسی نافذ کر دی ہے۔ اس فیصلے کے تحت بھارتی مسافروں کو اب تھائی لینڈ سفر کے لیے نئی ویزا شرائط پر عمل کرنا ہوگا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی حکومت نے امیگریشن قوانین اور ویزا پالیسی کا جامع جائزہ لینے کے بعد یہ اہم فیصلہ کیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پالیسی میں تبدیلی کا مقصد ملک میں امیگریشن نظام کو مزید مؤثر بنانا اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تھائی حکام کو حالیہ عرصے میں غیر ملکی شہریوں کی جانب سے غیر قانونی ملازمتوں، ویزا قوانین کے غلط استعمال اور بعض سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے تشویش لاحق تھی، جس کے بعد ویزا فری انٹری پروگرام پر نظرثانی کی گئی۔
تھائی لینڈ سیاحت کے لیے بھارتی شہریوں کی مقبول ترین منزلوں میں شمار ہوتا ہے اور ہر سال لاکھوں بھارتی سیاح وہاں کا رخ کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ نئی پالیسی کے نتیجے میں بھارتی مسافروں کو سفر سے قبل ویزا اور دیگر سفری دستاویزات کی ضروریات پوری کرنا ہوں گی۔
