سعودی عرب نے حج 2027 کے لیے عازمین کی رہائش سے متعلق نئے قوانین منظور کرلیے ہیں۔نئے قواعد میں حفاظت، سروس کے معیار اور آپریشنل تیاری پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔سعودی وزارت سیاحت نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حج رہائش کی سہولیات کے لیے نئے معیارات بھی مقرر کیے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق نئے قواعد کا مقصد حج آپریشنز کو بہتر بنانا ہے۔ وزارت کے ترجمان نصر الانصاری نے کہا کہ عازمین کی آمد سے پہلے رہائشی سہولیات مکمل طور پر تیار ہونی چاہئیں۔ان سہولیات کو حفاظتی اور دیکھ بھال کے مقررہ معیار پر پورا اترنا ہوگا۔ضروری خدمات کی فراہمی بھی نئے قواعد کا حصہ ہے۔
نئے معیارات کے تحت حج رہائشی سہولیات کو اکانومی اور فرسٹ کلاس میں تقسیم کیا جائے گا۔دونوں درجوں کے لیے الگ الگ ضروریات مقرر کی گئی ہیں۔معیارات میں کمروں، استقبالیہ، صفائی اور دیکھ بھال کو شامل کیا گیا ہے۔مہمانوں کو فراہم کی جانے والی خدمات بھی ان معیارات کا حصہ ہوں گی۔
وزارت سیاحت رہائشی سہولیات کی مختلف مراحل میں نگرانی کرے گی۔لائسنس جاری کرنے سے پہلے سہولیات کا معائنہ کیا جائے گا۔آپریشن شروع ہونے کے بعد بھی نگرانی جاری رہے گی۔حج سیزن کے دوران بھی سہولیات کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔اس اقدام کا مقصد عازمین کو محفوظ اور منظم رہائش فراہم کرنا ہے۔
