وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور سمیت دیگر علاقوں میں ماحولیاتی صورتحال میں بہتری پر سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور متعلقہ ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور گزشتہ سال فوگ میں نمایاں کمی اور ماحول کی بہتری پر اظہار تشکر کیا۔
وزیراعلیٰ نےغیر معیاری پلاسٹک بیگز کے استعمال پر قانونی کارروائی کی تسلسل اور پنجاب میں خطے کی پہلی انوائرمنٹ آبزرویٹری پراجیکٹ کی جلد از جلد تکمیل کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ زمین خوبصورت کرہ ہے اس کی حفاظت اوربقاء کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات کرنا ہم سب کا فرض ہے، تاہم ماحولیاتی آلودگی میں کمی اورسموگ کے تدارک کیلئے موثر اورپائیدار اقدامات سے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، پنجاب ماحولیاتی آلودگی سے متعلق پیشگی الرٹ کی صلاحیت حاصل کرنے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلے جدید ترین ایئر کوالٹی فورکاسٹ سسٹم سے صوبہ بھرمیں فضائی آلودگی انڈیکٹر کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، پنجاب کی پہلی ”انوائرمنٹ وال“پر 24/7 ماحولیات سے متعلق اداروں کا مانیٹرنگ سسٹم کام کررہا ہے، تاہم دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بھٹہ خشت اور فصلوں کی باقیات جلانے سمیت ماحولیاتی قوانین کی دیگر خلاف ورزیوں پرقانونی کارروائی جاری ہے۔
سموگ کے تدارک کیلئے 30 جدید بارفوگ گن کا موثر استعمال کیا جارہا ہے، لاہور سمیت دیگر شہروں کیلئے مزید سموگ گن بھی لارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پائیداراورموثر ماحولیاتی آلودگی کیلئے صوبہ بھر میں شجرکاری کمپین مسلسل جاری ہیں، پنجاب حکومت گرین پنجاب اور پلانٹ فار پاکستان ویژن کے تحت پورے صوبے میں شجرکاری کررہی ہے، ہمارا مذہب اور اخلاقی اقدار بھی ہمیں صفائی اور ماحول کی حفاظت کا درس دیتی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ نئی نسل کی بقاء کیلئے ماحول کو بہتر بنانے کیلئے موثر اقدامات ناگزیر ہے، نئی نسل کو آبی توانائی اور ماحولیاتی وسائل کے تحفظ کیلئے مشترکہ عزم کا اظہار کرنا ہوگا، ماحولیات کے عالمی دن پر فطرت کے تحفظ، آلودگی کے خاتمے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے شعور بیدار کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر عوام سے پلاسٹک کے استعمال میں کمی اور ماحول کے تحفظ کے عہد کی اپیل بھی کی۔
