وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل نے اہم معاشی اہداف کی منظوری دے دی۔
قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں اگلے مالی سال کے دوران معاشی شرح نمو کا ہدف 4 فیصد ، مہنگائی کا 8.2 فیصد مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
اجلاس میں 3669 ارب روپے کا قومی ترقیاتی پلان منظور کرلیا گیا ۔ وفاق اور صوبے مل کر ترقیاتی بجٹ میں ایک ہزار 46 ارب روپے کی بچت کریں گے۔ وفاق نے 120 ارب اور صوبوں نے 920 ارب روپے کم خرچ کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔
وفاق اور صوبوں نے نئے ترقیاتی منصوبے شروع نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا، پنجاب کا 749 ارب روپے کا ترقیاتی پلان منظور کرلیا گیا۔ سندھ حکومت ترقیاتی منصوبوں پر 706 ارب روپے خرچ کریں گی۔
خیبر پختونخوا کےلیے 455 ارب روپے کا ترقیاتی پلان منظور ہوگیا، بلوچستان حکومت ترقیاتی منصوبوں پر 308 ارب روپے خرچ کرے گی۔ قومی اقتصادی کونسل کا ہر تین ماہ بعد اجلاس بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 88.8 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ مختص کردیا گیا، خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع کیلئے 56 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
