اسپین وینزویلا میں زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے امدادی فوجی دستہ روانہ کرے گا

اسپین نے وینزویلا میں تباہ کن زلزلوں کے بعد امدادی سرگرمیوں میں معاونت کے لیے خصوصی فوجی دستہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ وینزویلا کی حکومت نے متاثرہ شہریوں کی سہولت کے لیے ملک بھر میں مواصلاتی خدمات عارضی طور پر مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق ہسپانوی وزارت دفاع نے بتایا ہے کہ 54 تربیت یافتہ فوجی اہلکار امدادی اور ریسکیو کارروائیوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ یہ خصوصی ٹیم جدید ریسکیو آلات، تربیت یافتہ کتوں، سرچ کیمروں اور جیو فونز سے لیس ہوگی، جن کی مدد سے ملبے تلے دبے افراد کو تلاش کیا جا سکے گا۔

وزارت دفاع کے مطابق امدادی مشن کا مقصد زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز کو مضبوط بنانا اور مقامی حکام کی معاونت کرنا ہے۔

دوسری جانب Venezuela کے سرکاری مواصلاتی ادارے نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں انٹرنیٹ، ٹی وی اور ٹیلیفون سروسز 48 گھنٹوں کے لیے مفت فراہم کی جائیں گی تاکہ متاثرہ شہری اپنے اہل خانہ اور امدادی اداروں سے رابطے میں رہ سکیں۔

دارالحکومت Caracas میں مواصلاتی کمپنی کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ زلزلے کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے اور اس کا مقصد عوام کو رابطے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق وینزویلا میں آنے والے دو طاقتور زلزلوں نے وسیع پیمانے پر تباہی مچائی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم 167 افراد ہلاک اور 900 سے زائد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ کئی علاقوں میں عمارتوں، سڑکوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے