روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ میں فضائی محاذ پر ایک بار پھر شدید کشیدگی دیکھنے میں آئی ہے۔ روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایک ہی رات کے دوران یوکرین کے 660 ڈرون تباہ کر دیے، جبکہ یوکرینی حکام نے دارالحکومت کیف پر روسی بیلسٹک میزائل حملے کی اطلاع دی ہے۔
روسی وزارتِ دفاع کے حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے رات بھر مختلف سمتوں سے آنے والے 660 فکسڈ وِنگ ڈرونز کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔ روسی حکام کے مطابق یہ ڈرون مختلف سرحدی اور اندرونی علاقوں کی جانب بھیجے گئے تھے۔
بیان کے مطابق تباہ کیے گئے ڈرونز بیلگورود، برائنسک، کرسک، اوریول، کالوگا، لیپٹسک، روستوف، ورونیز، تولا، ریازان، آستراخان، ماسکو ریجن، کریمیا، بحیرہ اسود اور بحیرہ آزوف کے علاقوں میں مار گرائے گئے۔
دوسری جانب یوکرین کے اعلیٰ حکام نے تصدیق کی ہے کہ روس نے دارالحکومت کیف پر بیلسٹک میزائل حملہ کیا ہے۔ تاہم فوری طور پر حملے کے نتیجے میں ہونے والے جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
کیف کی مقامی انتظامیہ اور ہنگامی امدادی ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ شہریوں کو حفاظتی پناہ گاہوں میں منتقل ہونے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
