بھارتی ریئلٹی شو میں گانا نشر ہونے پر سجاد علی کا ردعمل، کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا الزام

پاکستان کے معروف گلوکار سجاد علی نے اپنے مقبول گیت "راوی” کے ایک بھارتی ٹی وی ریئلٹی شو میں نشر ہونے کے بعد سامنے آنے والی خبروں پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے کسی بھی بھارتی ٹی وی چینل یا پروگرام کو اپنے گانوں کے استعمال یا کاپی رائٹ کی کوئی اجازت نہیں دی۔

سجاد علی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری ویڈیو پیغام میں دنیا بھر میں موجود اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہوتی ہے جب لوگ ان کے گانوں کے کور ورژن بناتے ہیں اور وہ اکثر ایسی ویڈیوز دیکھتے اور ان پر اپنے تاثرات بھی دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں بھارت کے پنجابی گلوکاری کے ریئلٹی شو "وائس آف پنجاب ماسٹر چیمپس” کے دسویں سیزن میں دو کم عمر بچوں نے ان کا معروف گیت "راوی” پیش کیا۔ اس ویڈیو کے بعد پاکستان میں یہ تاثر پیدا کیا گیا کہ انہوں نے بھارتی پروگرام کو اپنے گانے استعمال کرنے کی اجازت دی، جبکہ پاکستان کے ایک پروگرام میں ایسا کرنے سے انکار کیا تھا۔

گلوکار نے ان تمام دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتی چینل نے ان کا گانا بغیر اجازت استعمال کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ تو متعلقہ بھارتی چینل نے ان سے کوئی اجازت حاصل کی اور نہ ہی کاپی رائٹ کے حوالے سے کسی قسم کی منظوری لی، بلکہ گانا براہِ راست نشر کر دیا گیا۔

سجاد علی کے مطابق ان کی قانونی ٹیم اب اس معاملے پر متعلقہ بھارتی چینل سے باضابطہ رابطہ کرے گی اور کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کے حوالے سے قانونی کارروائی کا جائزہ لے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے