پاک بھارت جنگ میں 11 طیارے گرائے گئے، ایٹمی جنگ روک کر 3 کروڑ جانیں بچائیں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی سے متعلق اہم دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والی جنگ کے دوران مجموعی طور پر 11 طیارے تباہ ہوئے، جبکہ امریکا کی سفارتی کوششوں کے باعث ایک ممکنہ ایٹمی جنگ کو روکا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر بروقت مداخلت نہ کی جاتی تو جنوبی ایشیا ایک تباہ کن ایٹمی جنگ کی لپیٹ میں آ سکتا تھا، تاہم ان کی انتظامیہ کی کوششوں کے نتیجے میں صورتحال کو قابو میں لایا گیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی مداخلت کے باعث تقریباً 3 کروڑ افراد کی جانیں بچیں۔ ٹرمپ کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم نے بھی اس بات کا اعتراف کیا کہ جنگ رکوانے کی امریکی کوششوں نے بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کو محفوظ بنایا۔

صدر ٹرمپ نے اس موقع پر ایک بار پھر اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرانے میں امریکا نے مؤثر کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں دونوں جوہری طاقتوں کے درمیان تصادم مزید بڑھنے سے روک لیا گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی گفتگو کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی اظہار خیال کیا اور کہا کہ اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد تک پہنچ چکی تھی۔

انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھ نہیں سکتے کہ کوئی یہودی ووٹر ڈیموکریٹک پارٹی کی حمایت کیسے کر سکتا ہے۔

امریکی صدر نے ایران سے جاری سفارتی رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تہران واشنگٹن کی تقریباً تمام بنیادی شرائط تسلیم کرنے پر آمادہ ہو چکا ہے۔

انہوں نے تاہم ان شرائط یا مذاکرات کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں، لیکن اس امید کا اظہار کیا کہ ایران کے ساتھ معاملات مثبت سمت میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

ٹرمپ کے تازہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ دونوں خطوں میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہیں اور مختلف ممالک کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکراتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے