روس کی سلامتی کونسل کے سربراہ سرگئی شوئیگو نے تہران میں ایرانی حکام سے ملاقاتوں کے دوران کہا ہے کہ امریکا کے خلاف جاری کشیدگی اور دباؤ کے باوجود ایرانی قوم اپنی جدوجہد میں کامیاب ہوگی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سرگئی شوئیگو نے ایرانی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون، دوطرفہ تعلقات اور مشرقِ وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ روس ایران کی خودمختاری، قومی سلامتی اور علاقائی استحکام کی مسلسل حمایت کرتا رہے گا۔ ان کے بقول حالیہ بحران کے دوران ایران نے قومی اتحاد اور استقامت کا مظاہرہ کیا ہے اور بیرونی دباؤ کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
روسی عہدیدار نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ماسکو اور تہران کے درمیان اسٹریٹجک تعاون دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے لیے اہمیت رکھتا ہے اور مستقبل میں مختلف شعبوں میں اس تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔
