محکمہ ہائر ایجوکیشن نے تعلیمی سال 2026-27 کے لیے سالانہ سپورٹس کیلنڈر تیار کر لیا ہے، جس کے تحت صوبے بھر کے سرکاری کالجز میں کھیلوں کے مقابلوں کا باقاعدہ آغاز اگست کے پہلے ہفتے سے کیا جائے گا۔
محکمہ کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق طلبہ اور طالبات کے درمیان مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے، جن میں فٹ بال، کرکٹ، بیڈمنٹن، ہاکی، کبڈی، والی بال، باسکٹ بال اور ٹیبل ٹینس شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق مختلف مراحل میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو منتخب کر کے قومی اور بین الاقوامی سطح کے مقابلوں کے لیے خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی نمائندگی کر سکیں۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ ان کھیلوں کی سرگرمیوں کا بنیادی مقصد طلبہ و طالبات میں صحت مند، متحرک اور متوازن طرزِ زندگی کو فروغ دینا، ٹیم ورک کی صلاحیت پیدا کرنا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق یہ مقابلے نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ، جسمانی فٹنس میں بہتری اور کھیلوں کے کلچر کو مستحکم بنانے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
