وزیراعظم کلاؤڈ پروگرام کے تحت اہل پاکستانی اسٹارٹ اپس سے درخواستیں طلب کر لی گئیں۔ اہل اسٹارٹ اپس کو ساڑھے تیرہ ہزار ڈالر تک کے کلاؤڈ اخراجات واپس ملیں گے۔
پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم کو فروغ دینے کے لیے وزیراعظم کلاؤڈ پروگرام کے تحت اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ اگنائیٹ کے مطابق پروگرام کے لیے درخواستیں دس جولائی تک جمع کرائی جا سکتی ہیں۔ اہل پاکستانی اسٹارٹ اپس کو کلاؤڈ سروسز کے اخراجات کی واپسی اور ماہرین کی مشاورت فراہم کی جائے گی۔ اگنائیٹ کے مطابق اہل اسٹارٹ اپس کو ساڑھے تیرہ ہزار ڈالر تک کے کلاؤڈ اخراجات کی واپسی کی سہولت ملے گی۔ اسٹارٹ اپس اپنی کاروباری ضروریات کے مطابق کسی بھی موزوں کلاؤڈ سروس فراہم کنندہ کا انتخاب کر سکیں گے۔ پروگرام کا مقصد اسٹارٹ اپس کو لانچ، ٹیسٹنگ اور توسیع میں معاونت دینا ہے۔
