پاکستان اور ترکیہ کے درمیان معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے کی کوششیں کے تحت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اویاک گروپ کے سربراہ سے ملاقات کی جس دوران ترک سرمایہ کاروں نے پاکستان کی معاشی پیش رفت کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
استنبول میں پاکستان ترکیہ بزنس کانفرنس کے موقع پر اسحاق ڈار نے ترکیہ کے معروف سرمایہ کار گروپ اویاک کے جنرل منیجر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر پروفیسر ڈاکٹر مرات یالچنتاش سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان سرمایہ کاری، صنعتی تعاون اور اسٹریٹجک معاشی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک وفد نے پاکستان کی معاشی بہتری اور ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزرائے بحری امور، توانائی، پیٹرولیم، نجکاری، آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن اور ترکیہ میں پاکستان کے سفیر بھی شریک تھے۔
