بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (IOC) نے اکتوبر 2023 سے روسی اولمپک کمیٹی پر عائد معطلی کو عارضی طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے روسی کھلاڑیوں کی لاس اینجلس 2028 اولمپکس کے کوالیفائنگ مرحلے میں ممکنہ واپسی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔
آئی او سی کے مطابق یہ فیصلہ روسی اولمپک کمیٹی کی جانب سے یوکرین کے زیرِ اختیار علاقوں کی اولمپک تنظیموں کی آزاد حیثیت کو تسلیم کرنے کے بعد کیا گیا۔
کمیٹی نے واضح کیا کہ معطلی ختم کیے جانے کے باوجود روسی کھلاڑیوں پر سخت اینٹی ڈوپنگ ضوابط بدستور نافذ رہیں گے۔ کسی بھی روسی کھلاڑی کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے قبل متعدد ڈوپ ٹیسٹ مکمل کرنا ہوں گے اور انہیں انٹرنیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (ITA) کے خصوصی نگرانی پروگرام کا حصہ بننا ہوگا۔
آئی او سی نے یہ بھی واضح کیا کہ روس کے یوکرین پر حملے سے متعلق اس کا مؤقف تبدیل نہیں ہوا اور یوکرین کے ساتھ یکجہتی برقرار رہے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ روس میں بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد، روسی قومی پرچم کے استعمال اور قومی ترانے کی اجازت سے متعلق فیصلے متعلقہ عالمی کھیلوں کی فیڈریشنز اپنی پالیسی کے مطابق کریں گی۔
بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے مزید کہا کہ روسی اولمپک کمیٹی کی سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے گی اور اگر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی سامنے آئی تو معطلی سمیت دیگر پابندیاں دوبارہ عائد کی جا سکتی ہیں۔
