وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہاہے کہ بھارتی میڈیا مولانا فضل الرحمان کے بیان کو پاکستان کےخلاف استعمال کر رہا ہے، اختلافِ رائے جمہوریت کا حسن ہے مگر قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ایکس پر بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے بیان سے مسلح افواج اور شہداء کے خلاف منفی پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔ ایسے بیانات دشمن کے میڈیا کو پاکستان مخالف بیانیے کے لیے مواد فراہم کرتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا ہمارے شہداء اور سرحدوں پر ڈٹے جوان پوری قوم کا فخر ہیں۔ وطن کے محافظوں اور شہداء کی قربانیوں کو سیاسی اختلافات کی نذرنہیں کیا جانا چاہیے۔ شہداء کے احترام اور دفاع وطن پر ایسا کوئی مؤقف نہیں ہونا چاہیے جس سے دشمن کو فائدہ پہنچے۔
