سندھ حکومت کا پہلی سندھ سپورٹس پالیسی متعارف کرانے اور سندھ یوتھ کارڈ جلد جاری کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت نے صوبے میں کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی فلاح کے لیے پہلی سندھ سپورٹس پالیسی متعارف کرانے، سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کے عمل کو تیز کرنے اور سندھ سپورٹس بورڈ کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان سردار محمد بخش مہر کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری کھیل منور علی مہیسر، ایڈیشنل سیکرٹری اسد اسحاق، چیف انجینئر محمد اسلم مہر، ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب اللہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران سندھ سپورٹس پالیسی، سندھ سپورٹس بورڈ کی کارکردگی اور سندھ یوتھ کارڈ منصوبے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے صوبے کے 30 اضلاع میں 15 سے 29 سال عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت نوجوانوں کو تعلیمی اسکالرشپس، کاروبار کے لیے بلا سود قرضے، مالی معاونت، عالمی معیار کی مہارتوں کی تربیت (سکلز ٹریننگ)، سفری سہولیات اور دیگر مختلف شعبوں میں خصوصی رعایتیں فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات کے مطابق سندھ یوتھ کارڈ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور یہ منصوبہ جلد نوجوانوں کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔ وزیر کھیل نے محکمہ امور نوجوانان کو مزید فلاحی اور ترقیاتی پروگرام تشکیل دینے کی بھی ہدایت کی۔

سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ مجوزہ سندھ سپورٹس پالیسی صوبے میں کھیلوں اور کھلاڑیوں کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی۔ ان کے مطابق اس پالیسی کے ذریعے روایتی اور جدید کھیلوں کے فروغ، کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود، کھیلوں کے انفراسٹرکچر کی توسیع، سپورٹس ایسوسی ایشنز کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو بہتر بنانے اور اسکولوں و کالجوں میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے