پاکستان سمیت 29 ممالک نے ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے قیام کے معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کے بعد یہ تنظیم مصنوعی ذہانت (AI) کے شعبے میں عالمی تعاون کو فروغ دینے والی ایک نئی بین الحکومتی تنظیم کے طور پر سامنے آئے گی۔
اماراتی خبر رساں ایجنسی نے شِنہوا کے حوالے سے بتایا ہے کہ WAICO ایک آزاد بین الحکومتی بین الاقوامی تنظیم ہوگی، جس کا صدر دفتر چین کے شہر شنگھائی میں قائم کیا جائے گا۔
معاہدے پر دستخط کرنے والے 29 ممالک میں پاکستان، روس، قازقستان، لاؤس، انڈونیشیا اور دیگر ممالک شامل ہیں، جو تنظیم کے بانی ارکان کی حیثیت سے اس کے قیام میں شریک ہوں گے۔
معاہدے کے مطابق تنظیم اپنی سرگرمیاں اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں کے مطابق انجام دے گی۔ اس کی بنیاد باہمی مشاورت، مشترکہ تعاون، مساوی شراکت داری اور مشترکہ مفاد پر رکھی گئی ہے، جبکہ انسانی فلاح و بہبود کو تنظیم کی تمام پالیسیوں اور اقدامات کا مرکز بنایا جائے گا۔
