حالیہ بارشوں کے باعث دریائےچناب کے تین مقامات خانکی، قادرآباد اور چنیوٹ پر درمیانے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کےمطابق قادرآباد بیراج پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 88 ہزار کیوسک، خانکی میں ایک لاکھ 92 ہزار جبکہ چنیوٹ کے مقام پر ایک لاکھ 70 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دریائےسندھ میں بھی پانی کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا،چشمہ بیراج پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 50 ہزار، کالا باغ پر 3 لاکھ 33 ہزار اور تونسہ بیراج پر 3 لاکھ 13 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
دوسری جانب دریائے راوی اورستلج میں لوفلڈکی صورتحال برقرارہے،بلوکی پر 87 ہزار اور سدھنائی پر 53 ہزارکیوسک پانی کا بہاؤ ریکارڈکیاگیا،جبکہ تربیلا اورمنگلا ڈیم میں پانی کی سطح مزید بلندہوگئی ہے۔
جھنگ
جھنگ میں دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے کے بعد سیلابی پانی تیزی سے دریا کے قریبی علاقوں میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے،جس سے 15 سے زائد موضع جات زیرِ آب آگئے۔
ضلعی انتظامیہ کےمطابق چنیوٹ سےدو لاکھ کیوسک سے زائد کاسیلابی ریلا تریموں ہیڈ ورکس پہنچنے کا امکان ہے،جس کے پیش نظرعلاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
گجرات
گجرات میں دریائے چناب میں سیلابی صورتحال کے باعث مختلف مقامات پر زمینی کٹاؤ کا سلسلہ جاری ہے، جس سے دریا کنارے آباد بستیوں اور زرعی اراضی کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں،کوٹ غلام،کوٹ نِکا اوردیگرعلاقوں میں دریاکنارے زمین تیزی سےکٹ رہی ہے،
مقامی مکینوں کاکہنا ہےکہ انکی سینکڑوں ایکڑزرعی زمین پہلےہی دریا بردہوچکی ہے،ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی فوٹوسیشن تک محدود،مکین اپنی مدد آپ کے تحت نقل مکانی پرمجبور ہیں۔
ننکانہ صاحب
ننکانہ صاحب میں دریائے راوی ہیڈبلوکی کے مقام پر ایک بار پھر نچلے درجےکی سیلابی صورتحال ہے، ہیڈبلوکی پر پانی کی آمد 87ہزار715اوراخراج64 ہزار 515 کیوسک ریکارڈ کی جارہی ہے،ہلہ وڑائچ اور ہفت مدر کےقریب گھروں سے شہریوں کا محفوظ مقامات پرانخلا جاری ہے۔
دریائے راوی میں پانی کی سطح بڑھنے پر نشیبی علاقوں کے مکینوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
