وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال، سفارتی کوششوں اور عالمی امن و استحکام سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے قیام کے لیے سفارتکاری، مذاکرات اور تعمیری روابط کا سلسلہ جاری رکھنا ناگزیر ہے۔
گفتگو کے دوران اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ باہمی رابطے اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کا پُرامن حل تلاش کرنا خطے اور دنیا میں دیرپا امن و استحکام کے فروغ کے لیے انتہائی اہم ہے۔
ترجمان کے مطابق رافیل گروسی نے امید ظاہر کی کہ اسلام آباد میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (MoU) کے بعد متعلقہ فریقین مذاکرات اور رابطے کا عمل جاری رکھیں گے تاکہ بات چیت کے ذریعے پائیدار اور پُرامن حل تک پہنچا جا سکے۔
ٹیلیفونک گفتگو کے دوران رافیل گروسی نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے لیے اپنی امیدواری سے بھی آگاہ کیا۔
