یمن کے وزیرِاعظم شایع محسن الزندانی نے کہا ہے کہ بحیرہ احمر میں حوثیوں کی جانب سے تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنانا ایران کے ایجنڈے کی تکمیل ہے، جس سے عالمی تجارت، جہاز رانی کی آزادی اور سپلائی چین کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں یمنی وزیراعظم نے کہا کہ تجارتی جہازوں پر حملے اس بات کا ثبوت ہیں کہ حوثی ایران کے ایجنڈے پر عمل کر رہے ہیں۔ ان کے بقول ان کارروائیوں سے نہ صرف بحری سلامتی متاثر ہو رہی ہے بلکہ عالمی تجارت اور بین الاقوامی سپلائی چین بھی خطرے سے دوچار ہے۔
شایع محسن الزندانی نے کہا کہ جہاز رانی کی آزادی اور بحری راستوں کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے تمام متعلقہ ممالک کو اس سلسلے میں مؤثر اور مربوط اقدامات کرنے چاہییں۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ حوثیوں کی کارروائیوں کو روکنے کے لیے مضبوط مؤقف اختیار کیا جائے اور ان کی معاونت کے ذرائع ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔
