قلعہ ستار شاہ کے قریب شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث ریلوے پل کو نقصان پہنچنے سے لاہور سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل اور بعض ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔
ریلوے ٹرانسپورٹ آفسیر ریلویز لاہور ڈویژن کا کہنا ہے کہ قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کو لاہور، فیصل آباد کی بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال، خانیوال بھیجا جائے گا۔
اسی طرح بھلے ڈسنوال اور بانیوال کے قریب سے گزرنے والے نالے میں بھی شدید طغیانی پیدا ہوئی جس سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہونے کے بعد لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے موثر منصوبہ بندی نہ اپنائے جانے کے باعث سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوئیں جبکہ متعدد خاندان نقل مکانی پر بھی مجبور ہو گئے۔
دوسری جانب ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائی جاری ہے۔

دوسری طرف ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر، ریلوے لاہور ڈویژن کے مطابق 41 اپ/42 ڈاؤن قراقرم ایکسپریس اور 27 اپ/28 ڈاؤن شالیمار ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا۔
قراقرم 42 ڈاوُن کے مسافروں کو فیصل آباد سے آج ملت ایکسپریس 18 ڈاوُن میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا، لاہور اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کو آج براستہ وزیر آباد، لالہ موسی چلایا جائے گا، 111 اپ/112 ڈاؤن بدر ایکسپریس اور 113 اپ/114 ڈاؤن غوری ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ پل اور ریلوے ٹریک کی بحالی کے لیے مرمتی کام جاری ہے، انفرا اسٹرکچر کی بحالی مکمل ہونے کے بعد ٹرین آپریشن معمول کے مطابق بحال کر دیا جائے گا، جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر سے قبل اپنی متعلقہ ٹرین کی تازہ ترین صورتحال ضرور معلوم کریں۔
خیال رہے کہ پاکستان کے زیادہ تر علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث کئی حادثات بھی ہو چکے ہیں اور این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث ہونے والے حادثات و واقعات میں اب تک ملک بھر میں 107 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
