ن لیگ جان بوجھ کر آزادکشمیر کا انتخابی عمل متنازع بنا رہی ہے: شیری رحمان

شیری رحمان نے کہا کہ کشمیری عوام باشعور ہیں، وہ اپنا فیصلہ خود کرنا جانتے ہیں، کشمیری عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کا رشتہ آج کا نہیں بلکہ برسوں پر محیط ہے، اگر کشمیری عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں تو ن لیگ کو اس پر اعتراض کیوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایل اے 12 میں مسلح افراد کے داخل ہونے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں، ن لیگ کی طرف سے بے بنیاد الزامات کے باوجود ایل اے 10 کا انتخابی عملہ تبدیل کیا گیا، ن لیگ اوچھے ہتھکنڈوں سے عوامی مینڈیٹ نہیں چھین سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر قسم کے دباؤ کے باوجود کشمیری عوام اپنا فیصلہ خود کریں گے، جمہوریت کی فتح عوام کے آزاد فیصلے میں ہے، ن لیگ جو مرضی ہتھکنڈے استعمال کر لے، کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی۔

وفاقی حکومت کسی بھی قسم کی مداخلت سے گریز کرے: ندیم افضل چن

یپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن نے رانا ثناء اللہ کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی پہلے دن سے مطالبہ کر رہی ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات مکمل طور پر آزاد، منصفانہ اور شفاف انداز میں کرائے جائیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت یا اس کی مشینری کسی بھی قسم کی مداخلت سے گریز کرے، وفاقی حکومت کی جانب سے انتخابی مہم کے دوران ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات، سرکاری وسائل کے استعمال پر تحفظات ہیں، جبکہ وفاقی وزراء پولنگ کے روز بھی مختلف سرکاری ریسٹ ہاؤسز اور سرکاری مقامات پر موجود ہیں۔

ندیم افضل چن نے بتایا کہ پیپلز پارٹی متعدد بار الیکشن کمیشن کو خطوط لکھ چکی ہے، خطوط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انتخابی عمل کو ہر قسم کے اثر و رسوخ سے پاک رکھا جائے اور سرکاری وسائل کے استعمال کو فوری طور پر روکا جائے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ رانا ثناء اللہ کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہیں، جس پولنگ سٹیشن پر اعتراضات کیے جا رہے ہیں، وہاں تعینات پولنگ سٹاف خود ایک پی ٹی آئی کارکن کے گھر پر مقیم تھا،  بے بنیاد الزامات لگانے کے بجائے حقائق کو سامنے رکھا جائے، اگر کسی جماعت کو عوامی حمایت پر یقین ہے تو اسے انتخابی میدان میں مقابلہ کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ ہوں، جبکہ پیپلز پارٹی کسی بھی صورت انتخابی دھاندلی برداشت نہیں کرے گی، تمام سیاسی جماعتوں کو صبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کو آزادانہ طور پر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے دینا چاہیے، آزاد کشمیر کے عوام اپنی مرضی اور شعور کے مطابق درست فیصلہ کریں گے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے