ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسےاشتعال انگیز حملے پورے خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان برادر مملکت سعودی عرب کے ساتھ مکمل اظہاریکجہتی کرتا ہے ، پاکستان نے خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے ہیں اور کرتا رہے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مملکت کی خودمختاری،علاقائی سالمیت اور امن و خوشحالی کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ بھی کیا ۔
سعودی وزارت دفاع
سعودی عرب نےعراق سے ہونیوالے ڈرون حملے ناکام بنادیئے، حملے عراقی مسلح گروپوں کی جانب سے کیے گئے ۔
سعودی وزارتِ دفاع کے مطابق مشرقی علاقے اور دارالحکومت ریاض میں واقع تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، دفاعی نظام کے ذریعے عراق سے آنے والے تمام ڈرونز تباہ کردیئے گئے، ڈرون حملوں میں کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
سعودی وزارت دفاع نے سوشل میڈیا بیان میں کہا سعودی عرب کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے ، ڈرون حملوں کی کوششیں عراقی سرزمین سے کی گئیں، حملے میں ایران سے وابستہ ملیشیا تنظیم ملوث ہے، حملے مملکت کی سلامتی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔
