آذربائیجان میں آزاد آن لائن ٹی وی کے بانیوں اور صحافیوں کو 15 سال تک قید، آزادیٔ صحافت پر سوالات

آذربائیجان کی ایک عدالت نے آزاد آن لائن میڈیا ادارے Toplum TV کے دو شریک بانیوں، تین صحافیوں اور چار کارکنوں کو مالی جرائم کے مقدمے میں 14 سے 15 سال تک قید کی سزائیں سنادی ہیں، جس پر عالمی سطح پر آزادیٔ صحافت کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

رائٹرز کے مطابق Toplum TV کے شریک بانی عاکف گربنوف کو 15 سال جبکہ ان کے ساتھی الاسگر ممدلی کو 14 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ دیگر ملزمان کو بھی مختلف مدت کی سزائیں دی گئیں۔ تمام ملزمان نے عدالت میں اپنے خلاف عائد الزامات کو سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات قرار دیتے ہوئے مسترد کیا، جبکہ ان کے وکلاء نے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دفاعی وکیل ایلچن سادیگوف نے رائٹرز سے گفتگو میں کہا کہ مقدمہ منصفانہ نہیں تھا، دفاع کی جانب سے دائر کی گئی کسی بھی اہم درخواست کو قبول نہیں کیا گیا اور عدالتی کارروائی یک طرفہ انداز میں چلائی گئی۔

Toplum TV آذربائیجان کے ان چند آزاد آن لائن میڈیا اداروں میں شمار ہوتا ہے جو ملکی سیاست، بدعنوانی، انسانی حقوق اور سماجی مسائل پر رپورٹنگ کرتے ہیں۔ مارچ 2024 میں پولیس نے باکو میں اس کے دفاتر اور دیگر مقامات پر چھاپے مارے تھے، جس کے بعد متعدد ملازمین اور ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا۔

ابتدائی طور پر ان پر اسمگلنگ کے الزامات عائد کیے گئے، تاہم بعد میں پراسیکیوٹرز نے غیر قانونی کاروبار، منی لانڈرنگ، ٹیکس چوری اور دستاویزات میں جعلسازی جیسے مزید الزامات بھی شامل کر دیے۔

آذربائیجان کی حکومت ان الزامات کو مسترد کرتی ہے کہ صحافیوں کے خلاف کارروائیاں سیاسی محرکات پر مبنی ہیں، اور اس کا مؤقف ہے کہ تمام مقدمات قانون کے مطابق حقیقی جرائم سے متعلق ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے