ایران اور پاکستان کے چیف جسٹس صاحبان کے درمیان ملاقات میں دونوں برادر اسلامی ممالک نے عدالتی تعاون کو فروغ دے کر علاقائی اور عالمی امن و استحکام میں کلیدی کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ اہم ملاقات چین کے شہر ہانگژو میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے رکن ممالک کے عدالتی سربراہوں کے 20ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی، جہاں ایران کے چیف جسٹس غلام حسین محسنی اژہای اور پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے باہمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ایرانی چیف جسٹس نے کہا کہ "ایران اور پاکستان، دو برادر اسلامی ممالک، عدالتی تعاون اور تجربات کے تبادلے سے خطے میں قیامِ امن و انصاف میں مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔”
انہوں نے پاکستان کے علاقائی اور عالمی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون سے موجودہ چیلنجوں کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔
غلام حسین محسنی اژہای نے غزہ میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کو قابل مذمت قرار دیا اور کہا کہ عالمی اداروں کو فوری اور مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
پاکستانی چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا "ہم ایران کے عدالتی نظام کو ایک قریبی دوست سمجھتے ہیں۔ عدالتی تعاون صرف اعلیٰ سطحی ملاقاتوں تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ مشترکہ لائحہ عمل کے ذریعے عملی اقدامات کیے جائیں۔”انہوں نے ایرانی چیف جسٹس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
دونوں ممالک نے فیصلہ کیا کہ عدالتی شعبوں میں اشتراک کو فروغ دے کر عوامی فلاح و انصاف کے لیے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے، تاکہ عدالتی نظام مزید مستحکم اور مؤثر ہو سکے۔